اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانسیسی صدر میکرون کے ذریعہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف آج مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے سخت مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے ان کے بیان کو غیر عاقلانہ اور اشتعال انگیز قراردیا۔
مولانا نے اپنے بیان میں کہاکہ فرانسیسی صدر میکرون کا یہ کہناکہ’ فرانس رسول خداؐکے گستاخانہ کارٹون بنانے کے عمل کو جاری رکھے گا‘ ناقابل برداشت اور جاہلانہ بیان ہے ۔یوروپ جو خود کو سیکولر اور لبرل قراردیتا ہے یہ اسکی منافقانہ پالیسی کی بدترین دلیل ہے ۔
مولانا نے کہاکہ میکرون اس سے پہلے بھی کہہ چکے ہیں اسلام عالمی سطح پر بحران کا شکار ہے ،اگر ایساہے تو پھر یوروپ میں اسلام تیزی کے ساتھ کیوں پھیل رہاہے؟ میکرون کے بیانات انکی بیمار ذہنیت کے عکاس ہیں اور وہ عوام کو مسلمانوں کے خلاف مشتعل کرنا چاہتے ہیں۔
مولانا نے کہاکہ پیغمبر اسلام کی شان میں وہی گستاخانہ عمل انجام دے سکتاہے جو ان کی سیرت اور کردار سے ناواقف ہو ۔فرانسیسی صدر ’اسلاموفوبیا ‘ کا شکارہے اور اپنی شدت پسند ذہنیت کو ظاہر کررہاہے ۔مولانا نے کہاکہ یوروپ جس قدر ’اسلاموفوبیا ‘ کا شکار ہو رہا ہے اُتنی ہی تیزی سے وہاں اسلام کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔نوجوان نسل میکرون جیسے ’اسلاموفوبیا‘ کے شکار افراد کی باتوں پر کم توجہ دیتے ہیں ،نوجوان نسل تحقیق اور مطالعہ کی طرف راغب ہے اور جس نے بھی پیغمبر اسلام کے کردار اور ان کی سیرت کا مطالعہ کیاہے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا ۔
مولانا نے کہاکہ فرانسیسی صدر خود پر معمولی سی تنقید بھی برداشت نہیں کرتے اور خود پر تنقیدکرنے والوں کو قیدخانوں میں ڈلوا دیتے ہیں ،مگر وہ پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کرکے اپنی دوغلی پالیسی کا ثبوت دے رہاہے ۔فرانس کے عوام کو اپنے صدر سے اس سلسلے میں سوال کرنا چاہئے اور ان کے خلاف ردعمل کا اظہار کرنا چاہئے ۔مولانا نے کہاکہ آزادیٔ اظہار کی بھی ایک حد ہوتی ہے ،میکرون کا یہ گستاخانہ بیان اس حد کی خلاف ورزی ہے ۔
مولانا نے کہاکہ اسلامی ممالک کے منافقانہ کردار کا نقصان عالم اسلام کو جھیلنا پڑ رہاہے ۔اگر عالم اسلام ایسے شدت پسند ممالک اور رسول اسلامؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف متحد ہوکر بائیکاٹ کا اعلان کرے تو ایسی نازیبا حرکتیں کبھی عالم وجود میں نہیں آئیں گی ۔مولانا نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو ایک جُٹ ہوکر فرانسیسی حکام کے بیانات کی مذمت کرنی چاہئے اور اگر وہ معذرت نہیں کرتے ہیں تو ان کے ساتھ سفارتی روابط منقطع کرکے پیغمبر اسلامؐ سے اپنی محبت اور وفاداری کا اظہار کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲